بجلی کےبڑھتے ہوئے نرخ تیزی سے عوام کی استطاعت سے باہر ہو رہے ہیں: آئی پی ایس اسٹڈی
بجلی کے نرخوں میں اضافہ بہت تیزی کے ساتھ اسےعوام کی استطاعت سے باہرکر رہا ہے جس کے نتیجے میں اس کے استعمال کااندازبری طرح متاثرہو رہا ہے۔ یہ تشویشناک رجحان تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز)کی وصولیوں میں بھی تیزی سے کمی کا باعث ہے جس کی وجہ سے جنریشن کمپنیوں سے بجلی کی خریداری، تقسیم کے نیٹ ورک کو برقرار رکھنے اور قرضوں کی ادائیگی میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ یہ عوامل بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے، معیاری خدمات فراہم کرنے اور بجلی کی فراہمی پر مجموعی انحصار کو بہتر بنانے میں ڈسکوزکی سرمایہ کاری کے لیےمزید رکاوٹ ہیں۔
یہ انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز، اسلام آباد کی طرف سے کیے گئے ملک گیر سروے کے کچھ نتائج ہیں جس کا عنوان تھا ”صارفین کے رویے پر بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اثر: پاکستان میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا کیس“ ۔تحقیقی مطالعہ میں پاکستان کے 10 چوٹی کےشہروں میں 1,000 سے زائد گھرانوں اور 140 دکانوں کا احاطہ کیا گیا۔
سروے کے نتائج بتاتے ہیں کہ زیادہ تر جواب دہندگان نے حالیہ مہینوں میں اپنے بجلی کے بلوں میں معمول سے کافی زیادہ اضافہ نوٹ کیا ہے۔ یہ مطالعہ بل میں اضافے کی شدت اور کھپت میں کمی کے درمیان تعلق کو مزید اجاگر کرتا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے بجلی کے استعمال میں کمی کی کوششیں مزید نمایاں ہوئی ہیں۔ تاہم، بجلی کی کھپت میں مجموعی طور پر کمی کے باوجود، سروے کے شرکاء کے ایک اہم حصے نے اپنے بلوں میں کسی نمایاں کمی کا اظہار نہیں کیا۔
اسٹڈی میں بجلی کے استعمال کی استعدادبہتر بنانے کے لیےموثر اقدامات پر زور دیا گیا ہے اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے منفی اثرات کو کم کرنے کے پہلو سےڈسکوزکے لیے حکمت عملی تجویز کی گئی ہے۔ اس میں توانائی کے شعبے میں بہتر گورننس اور ریگولیٹری اقدامات کے ساتھ ساتھ بجلی کےقابل برداشت نرخوں اور مختلف معاشی حالات کے مطابق ادائیگیوں کا نظام وضع کرنےکے آپشنز اختیار کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسٹڈی میں لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کو حل کرنے اوران اوقات کے بارے میں صارفین میں بیداری بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے جن کے دوران بجلی کے نرخ زیادہ ہوتے ہیں۔
مجموعی طور پر، اس اسٹڈی میں پاکستان میں صارفین کے رویے پر بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کی ایک جامع تصویرپیش کی گئی ہے اور ڈسکوز اور پالیسی سازوں کے لیے بجلی کوقابل استطاعت رکھنے اور اس کی قیمتوں اور صارفین کی برداشت کے درمیان توازن کو یقینی بنانے کے لیے سفارشات پیش کی گئی ہیں۔
جواب دیں