‘عالمی دنیا میں ثقافتی روابط کی تشکیلِ نو’
کولونائزیشن سے آزاد نقطہ نظر اقدار کے استحصال کے خلاف مزاحمت کرسکتا ہے ، اتحاد کو فروغ دے سکتا ہے: ڈاکٹر بارگلی
انفرادی اور اجتماعی شناخت ایک شخص اور معاشرے کی نوعیت اور خصوصیات کی وضاحت کرتی ہے۔ شناخت تعلقات، تاریخوں، اور ترقی پذیر سیاق و سباق سے تشکیل پاتی ہے ، اور یہ ذہنی سکون اور تہذیبی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ ۔ آج کی عالمی دنیا میں جہاں معاشرے دن بدن کثیر الثقافتی ہوتے جا رہے ہیں ، شناخت کے لیے ایک متعلقہ اور غیر آبادیاتی نقطہ نظر کو اپنانا معاشروں میں موجود تقسیم کو ختم کر سکتا ہے، شمولیتی سوچ کو فروغ دے سکتا ہے، اور ثقافتی روابط کو نئی شکل دے سکتا ہے۔ یہ نقطہ نظر نہ صرف ایک زیادہ منصفانہ اور باہم مربوط مستقبل کو فروغ دیتا ہے ، بلکہ اقدار کے استحصال کے خلاف بھی مزاحمت کرتا ہے، اور مشترکہ انسانیت پر توجہ مرکوز کرتا ہے جو ہم سب کو متحد کرتی ہے۔
یہ بات آسٹریلیا کی گریفتھ یونیورسٹی میں گریفتھ سینٹر فار سوشل اینڈ کلچرل ریسرچ اور گریفتھ انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ریسرچ کی ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پرنسپل ریسرچ فیلو ڈاکٹر ڈیبی بارگلی نےانسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس)، اسلام آباد میں’عالمی دنیا میں ثقافتی روابط کی تشکیلِ نو’کے موضوع پر 19 نومبر 2024 کومنعقدہ ایک سیمینار کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس سیشن کی صدارت ڈاکٹر خالد مسعود نے کی، جو شریعت اپیلیٹ بنچ کے رکن ہیں، جبکہ آئی پی ایس کے چیئرمین خالد رحمٰن بھی گفتگو میں شریک تھے۔ یہ تقریب "امن، ہم آہنگی اور انصاف میں مذاہب کا کردار” کے عنوان سے ہونے والے ایک بین الاقوامی سیمینار کا پیش خیمہ تھی، جس کا انعقاد آئی پی ایس نے 4 دسمبر کو کیا۔
ڈاکٹر بارگلی نے ثقافتی تاریخوں اور شناختوں کے باہمی ربط پر روشنی ڈالی ، اور اس بات پر زور دیا کہ کہ کس طرح تعلق اور مقام ، علم اور سماجی تحقیق کو تشکیل دیتا ہے۔ ثقافتی نظریات دان اسٹورٹ ہال کے اس تصور سے اخذ کرتے ہوئے کہ تمام بیانیے "سیاق و سباق میں” ہوتے ہیں اور اور ان کی ایک پوزیشن ہوتی ہے، انہوں نے نظرانداز کی گئی تاریخ کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ثقافتی تعلقات اور شناختوں کی ایک زیادہ جامع تفہیم کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے اپنے تحقیقی کام اور ذاتی تجربات کا اشتراک کرتے ہوئے آسٹریلیا، اسلام اور ثقافتی تعلقات کے درمیان تاریخی روابط کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور مقامی آسٹریلوی باشندوں کے درمیان تجارت اور ثقافتی تبادلے یورپی نوآبادیاتی دور سے پہلے ہی قائم ہو چکے تھے، جیسا کہ 820 عیسوی میں الخوارزمی کے تیار کردہ قدیم نقشوں اور آسٹریلیا میں پائے جانے والے کلوا سلطنت کے سکوں سے ثابت ہوتا ہے۔ یہ آثار قدیمہ ایک ایسے دور کی نشاندہی کرتے ہیں جب دونوں قوموں کے درمیان باہمی تعلقات تھے۔
ڈاکٹر بارگالی نے 19ویں صدی کے مسلم تارکینِ وطن کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، جن میں افغان، بھارتی، الجزائری، اور ملائیشیائی شامل تھے، جنہوں نے آسٹریلیا کی صنعتوں میں اونٹ چلانے والے، کسانوں، اور ہاکروں کی حیثیت سے اہم کردار ادا کیا۔ یہ کردار آسٹریلیا کے کثیر الثقافتی تانے بانے کی ابتدائی بنیادوں کو اجاگر کرتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے نوٹ کیا کہ ان کمیونٹیز کو نسلی طور پر خارج کرنے والی وائٹ آسٹریلیا پالیسی کے تحت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جس نے غیر یورپی تارکین وطن کو پسماندہ کر دیا۔ انہوں نے اپنے ذاتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پردادا ، جو 1890 کی دہائی میں پنجاب سے ہجرت کر گئے تھے، ، انگریزی ڈکٹیشن ٹیسٹ جیسی امتیازی پالیسیوں کی وجہ سے آسٹریلیا چھوڑنے میں ناکام رہے۔
اس طرح کے چیلنجوں کے باوجود، آسٹریلیا کی مسلم کمیونٹی کی لچک اور ترقی نے ملک کی کثیر الثقافتی شناخت کو نمایاں طور پر تقویت بخشی ہے۔ پاکستانی تارکینِ وطن، جو اب آسٹریلیا میں تارکین وطن کا 17واں سب سے بڑا گروپ ہے، اس کی بھرپور مثال ہیں۔ مزید برآں، اسلام ملک میں تیزی سے بڑھتا ہوا مذہب ہے جو اب آبادی کا 3.2% بنتا ہے، جو ثقافتی تنوع کی بڑھتی ہوئی قبولیت کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے نوٹ کیا کہ یورو سینٹرک نقطہ نظر کو اپنانے کی وجہ سے ان تاریخوں اور تعلقات کو مرکزی دھارے کے ادب اور گفتگو میں کبھی نہیں دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے ثقافتی مطالعات کے لیے ایک غیر آبادیاتی نقطہ نظر پر زور دیا جو مقامی علوم، پسماندہ آوازوں اور غیر یورو سینٹرک فریم ورک کی قدر کرتا ہو۔ انہوں نے ایسے بیانیے کی وکالت کی جو مشترکہ تاریخوں، لچکدار شناختوں اور رشتہ داری پر زور دیتے ہوں تاکہ بے دخلی، حاشیائی حیثیت اور ثقافتی ورثے کے نقصان جیسے نظامی چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے۔
ڈاکٹر بارگلی نے کہا کہ اس کولونائزیشن سے آزاد نقطہ نظر کے تحت، ایسے قومی فریم ورک جو شمولیت پر مبنی ہوں، ہم آہنگی اور بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے طاقتور ذرائع بن سکتے ہیں۔ ایسا نقطہ نظر تہذیبی تعلقات کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، باہمی احترام، رواداری اور ترقی کو فروغ دیتے ہوئے ایک متحد اور ترقی پسند کمیونٹی کے لیے راہ ہموار کر سکتا ہے۔
اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر خالد مسعود نے عالمی دنیا میں شناخت کی ترقی پذیر نوعیت پر تبصرہ کیا، اور اس کی یکجہتی اور تفریق پیدا کرنے کی دوہری صلاحیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شناخت جو اکثر مذہبی شناخت کی جگہ لے لیتی ہے، کئی ممالک میں اخراج اور تنازعات کا باعث بن گئی ہے۔ سیاسی شناخت کے برعکس، ثقافتی شناخت ایک زیادہ جامع اور وسیع تر تعلق کا احساس فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں جہاں شناختیں بڑھتی ہوئی حد تک تشکیل دی جا رہی ہیں اور سیاست کے تابع ہو رہی ہیں، اقدار کے استحصال کی مزاحمت کرنے اور اس کی بجائے اس مشترکہ انسانیت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جو ہمیں سب کو جوڑتی ہے۔ جیسے جیسے قومی ریاستوں کی اہمیت کم ہوتی جاتی ہے، ثقافتیں شناخت کا بنیادی ڈھانچہ بن کر ابھرتی ہیں ، جو انسانیت کے نئے تصور کو دوبارہ تخلیق کرنے اور ایک زیادہ جامع اور مربوط مستقبل بنانے کے لیے راستہ فراہم کرتی ہیں۔
جواب دیں