پانچ روزہ میری ٹائم ونٹر اسکول کی اختتامی تقریب
ترقی کے لیے ہمیں ‘بحری قوم’ بننا ہو گا: کیپٹن (ر) جمیل احمد خان
پارلیمانی سیکرٹری برائے میری ٹائم (بحری) امور اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) جمیل احمد خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور مستقبل کے چیلینجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں ایک ‘بحری قوم’ بننا پڑے۔ ماضی میں بحری شعبے کو نظر انداز کرنے کا جو خمیازہ ملک و قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے کیونکہ اس میں تحقیق اور درست معلومات کا شدید فقدان ہے۔ تاہم موجودہ حکومت میری ٹائم شعبے کی ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایک مربوط حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔
وہ میری ٹائم اسٹڈی فورم، انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (نیما) کے اشتراک سے ۲۷ دسمبر۲۰۱۸ کو "میری ٹائم ونٹر اسکول” کے نام سے منعقد ہونے والی پانچ روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔
مزکورہ ورکشاپ میں ملک بھر سے اس شعبے کے ۲۰ سے زائد ماہرین اور محققین شریک تھے۔ ورکشاپ میں شرکاء نے اپنی تحقیقی کاوشوں سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا اور اگلے سال کے لیے پالیسی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے میری ٹائم کے شعبے میں اپنے اپنے دائروں میں تحقیق کی منصوبہ بندی کی۔
جمیل احمد خان نے ورکشاپ کا انعقاد کرنے والے تینوں اداروں کی کوششوں کا سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ میری ٹائم کے حوالے سے ملک میں بھرپور آگہی کے فروغ کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر ایڈمرل (ر) آصف ہمایوں، انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) کے سربراہ خالد رحمٰن، میری ٹائم اسٹڈی فورم کے صدر ڈاکٹر سید محمد انور، رکن سندھ اسمبلی بلال عبدالغفار، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (نیما) کے ڈائریکٹر کموڈور (ر) بابر بلال، اور ورکشاپ کے مربی ڈاکٹر نجم عباس، ڈاکٹر اظہر احمد، ڈاکٹر انیل سلمان اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔
آخر میں مہمان خصوصی کیپٹن (ر) جمیل احمد خان نے ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔
جواب دیں