پاکستان کا معاشی سفر: نئی نہج کی ضرورت
مصنف: فصیح الدین ایڈیشن: سوئم سال: 2019 صفحات: 272 جلد بندی: پیپر بیک آئی ایس بی این: 978-969-448-176-0 ناشر: آئی پی ایس پریس قیمت: 2200 روپے |
کتاب کا تعارف
”پاکستان کا معاشی سفر: نئی نہج کی ضرورت“ کو دو مقاصد سامنے رکھتے ہوئے تحریر کیا گیا ہے۔ پہلا مقصد یہ ہے کہ یہ ایک ایسی پالیسی ڈاکومنٹ کا کام دے جس میں پاکستان کے ستّر سالہ معاشی سفر کے تکنیکی جائزے کے بعد ملک کے لیے مستقبل کی حکمتِ عملی کی تجاویز موجود ہوں۔ اور دوسرا یہ کہ اس موضوع سے متعلق تمام معاملات کی وضاحت اس طرح کی جائے اور انہیں ایسے انداز میں پیش کیا جائے کہ عام قاری بھی انہیں آسانی سے سمجھ پائے۔ ان مقاصد کے مطابق کتاب کا ہر باب تعارف کے ساتھ شروع ہوتا ہے جس میں اس موضوع کے متعلق اہم تصورات کی وضاحت اس طرح کی گئی ہے کہ ان کا پس منظر اور ان پر ہونے والی معاصرانہ بحث سامنے آجائے۔ کتاب کے آخر میں اس سارے سیاق و سباق میں پاکستان کا منظرنامہ پیش کیا گیا ہے۔ اس طرح یہ کتاب نہ صرف اقتصادی ماہرین کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ طلبا اور ان تمام قارئین کے لیے بھی مفید ہے جو اس موضوع میں مجموعی دلچسپی رکھتے ہیں۔
کتاب 19 ابواب پر مشتمل ہے۔ ہر باب میں معیشت کے مختلف پہلوؤں پر بحث کی گئی ہے جیسے کہ ترقی کا پیمانہ، صنعت، افراطِ زر، مالیاتِ عامہ، انسانی وسائل کی ترقی، غربت، معاشی تفاوت، ڈبلیو ٹی او اور عالمگیریت وغیرہ۔ انفرادی شناخت ہونے کے باوجود ہر باب میں کی گئی بحث کا واضح تعلق دوسرے ابواب کے ساتھ ہے۔ اگرچہ اس وجہ سے بار بار تکرار کا تاثر ابھرتا ہے اس کے باوجود کتاب کی مجموعی ترکیب میں یہ بے جوڑ دکھائی نہیں دیتا۔
یہ کتاب پہلی دفعہ 2006ء میں شائع ہوئی تھی۔ اب تک اس کے تین ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کتاب کا چینی زبان میں ترجمہ بھی چھپ چکا ہے جو پاکستان سٹڈی سنٹر شوآن یونیورسٹی چندو، چین نے شائع کیا ہے۔ اس دوران کتاب کے پہلے ایڈیشنوں میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کافی حد تک تبدیل ہوچکے ہیں تاہم ملکی معیشت کے عمومی رجحانات اب بھی کافی حد تک غیرتبدیل شدہ ہی ہیں۔ اس نظرثانی شدہ ایڈیشن میں کئی جگہوں پر نئے اعدادوشمار شامل کیے گئے ہیں۔ کتاب کے آخر میں 2018-1951ء کے دور کے اہم موضوعات پر اعدادوشمار کو گراف میں پیش کیا گیا ہے۔ خصوصاً یہ گراف تازہ اعدادوشمار میں لوگوں کی دلچسپی بڑھانے کا سبب بنیں گے۔
کتاب کا کلیدی پیغام باب 18 میں دیے گئے ماڈل پر مبنی ہے جس سے نہ صرف پاکستان کی معاشی صورتِ حال بلکہ مجموعی حالات میں عالمی معیشت کو بھی بہتر بنانے کے لیے رہنما بنایا جاسکتا ہے۔
کچھ مصنف کے بارے میں
اس کتاب کے مصنف فصیح الدین پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے سابق چیف اکانومسٹ ہیں۔ وہ آئی پی ایس کی گورننگ باڈی اور نیشنل اکیڈمک کونسل کے طویل المدتی رکن بھی ہیں۔
جواب دیں