آئی پی ایس اور آئی این ای ٹی ٹی ٹی کی مستقبل میں بھی توانائی کی منتقلی میں تعاون جاری رکھنے پر گفتگو
انٹرنیشنل نیٹ ورک آف انرجی ٹرانزیشن تھنک ٹینک (آئی این ای ٹی ٹی ٹی) اور انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) کے درمیان 27 مئی 2024 کو منعقد ہونے والی میٹنگ نے ان کی تین سالہ ایسوسی ایشن میں ایک اور قدم آگے بڑھایا جب ان میں توانائی کی منتقلی اور پالیسی سازی پر تعاون جاری رکھنے پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر موجود آئی پی ایس کے نمائندوں میں قائم مقام ہیڈ آف آپریشنز اور سینئر ریسرچ فیلو سید ندیم فرحت، توانائی کی ماہر اور آئی پی ایس کی انرجی اسٹیئرنگ کمیٹی کی رکن امینہ سہیل، اور ریسرچ آفیسر محمد ولی فاروقی شامل تھے، جبکہ آئی این ای ٹی ٹی ٹی کی نمائندگی ڈائریکٹر رابعہ فیروخی، پروجیکٹ لیڈز لیڈیا ووجٹل اور لورا ال کاتیری اور آپریشنز آفیسر احمد اوزگر کنار نے کی۔
آئی این ای ٹی ٹی ٹی نے تحقیق اور پالیسی کی ترقی میں تھنک ٹینکس کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں قیمتی خدمات کے لیے آئی پی ایس کی تعریف کی۔ دونوں اداروں نے توانائی کی منتقلی کے شعبے میں آگے پیش رفت کرنے کے لیے باہمی شراکت داری کے امکانات پر زور دیتے ہوئے اپنی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
بات چیت میں عملی پالیسی فریم ورک کے ساتھ جدید تحقیق کو مربوط کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی، جو صاف ماحولیات کی طرف منتقلی کو تیز کرنے کے لیے ضروری ہے۔ شرکاء نے توانائی کی منتقلی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اختراعی حل اور مؤثر حکمت عملیوں کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے مشترکہ تحقیق اور پالیسی اقدامات کے لیے مختلف راستے تلاش کیے۔
شرکاء نے آئی پی ایس اور آئی این ای ٹی ٹی ٹی کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا، جس کا مقصد پائیدار توانائی کے طریقوں کی حمایت کرنے والی پالیسیوں کو تیار کرنا اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔ دونوں جماعتوں نے اس بات چیت کو جاری رکھنے اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں کے لیے راہ ہموار کرتے ہوئے اپنی شراکت داری کو باقاعدہ شکل دینے کے لیے کام کرنے کا عہد کیا۔
جواب دیں