اسلامی بنکوں کے لیے شرعی مقاصد پر مبنی اشاریہ کی تیاری
آئی پی ایس کے ریسرچ فیلو ڈاکٹر زاہد صدیق مغل نے 30 اگست2018ء کو انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد میں منتخب سینئر تعلیمی اور شرعی ماہرین کے اجتماع میں اسلامی بنکنگ اور مالیاتی صنعت کی نمائندگی کرتے ہوئے تحقیق پر مبنی اپنا کام پیش کیا جس کا موضوع تھا ”اسلامی بنکوں کے لیے شرعی مقاصد پر مبنی اشاریہ کی تیاری“۔
اس موقع پر موجود ماہرین میں ڈاکٹر وقار مسعود خان سابق سیکرٹری خزانہ پاکستان، ڈاکٹر محمد طاہر منصوری رکن شریعہ بورڈ سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)، ڈاکٹر مشتاق احمد ڈائریکٹر جنرل شریعہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI)، پروفیسر محمد ایوب ڈائریکٹر رفاہ سنٹر آف اسلامک بزنس اور ممبر شریعہ بورڈ خیبر بنک اور ڈاکٹر عتیق الظفر ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اکنامکس (IIIE) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد شامل تھے۔
ماہرین نے ڈاکٹر مغل کے تحقیقی کام کا تنقیدی جائزہ لیا اور سراہتے ہوئے بہتری کی تجاویز دیں۔ اشاریہ کے مؤلف ڈاکٹر مغل نے ماہرین کے تبصروں اور آراء پر اپنا نقطۂ نظر پیش کیا۔ اکثر ماہرین نے ایسے اشاریہ کی اہمیت و ضرورت پر زور دیا تاکہ ۸۰-۱۹۶۰ کی دہائیوں میں اسلامی اقتصادیات کے بانیان ڈاکٹر نجات اللہ صدیقی، پروفیسر خورشید احمد اور ڈاکٹر عمر چھاپرا کی جانب سے شریعہ مقاصد کی توضیحات کی روشنی میں اسلامی بنکوں کے طرزِ عمل و مسائل کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاتا رہے۔ مذکورہ بالا ماہرین اسلامی اقتصادیات نے چالیس برس قبل اس موضوع پر ابتدائی کام کیا تھا۔
اس نشست کی صدارت آئی پی ایس کے ڈائریکٹر جنرل جناب خالد رحمٰن نے کی جبکہ نظامت کے فرائض آئی پی ایس کے سینئر ریسرچ فیلو ڈاکٹر شہزاد اقبال شام نے ادا کیے۔
جواب دیں