مقامی حکومتیں جمہوریت اور اچھے طرزِ حکومت کے لیے ضروری ہیں: خالد رحمٰن

مقامی حکومتیں جمہوریت اور اچھے طرزِ حکومت کے لیے ضروری ہیں: خالد رحمٰن

آئین گورننس کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے انتخابی نظام کو مضبوط کرنے اور مقامی حکومتوں کو آئین کی ہدایات کی روشنی میں بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ پارلیمنٹ میں نمائندگی کے معیار اور قانون سازوں کے موثر کردار کو یقینی بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہارآئی پی ایس کے چیئرمین خالد رحمٰن نے یونیورسٹی آف مالاکنڈ(یو او ایم )خیبر پختونخوا کے انڈرگریجویٹ طلباء کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران کیا، جنہوں نے 16 مارچ 2023 کوآئی پی ایس کا دورہ کیا تھا۔ معراج الحامد ناصری، لیکچرریو او ایم کی سربراہی میں دورہ کرنے والے وفد کے ارکان میں شیر حسن، لیکچرریو او ایم ، ساجد خان، لیکچرریو او ایم ، اور مبارک زیب شامل تھے۔ شعبہ سیاسیات کے آٹھویں سمسٹر کے طلباء کے دورے کا مقصد انہیں آئی پی ایس اور اس کی پبلک ایڈمنسٹریشن اور گورننس سے متعلق سرگرمیوں سے متعارف کرانا تھا۔

پاکستان کا آئین ایک بہترین دستاویز ہے جو اتفاق رائے پر مبنی ہے اور عوام کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔ خالد رحمٰن نے کہا کہ اگرچہ گورننس کے فریم ورک میں مسائل موجود ہیں، لیکن وہ فیصلہ سازوں کی کوتاہی سے ابھرتے ہیں جو ریاست کو چلانے کے عہدوں پر ہیں نہ کہ خود آئین، جیسا کہ کچھ دھڑوں کی طرف سے پیش کیا جاتا ہے۔

لہٰذا، عصری پیش رفت کا ساتھ دینے  یا مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیےآئین میں ترامیم کا ایک مناسب طریقہ  ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سلسلے میں ادارہ جاتی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

پارلیمنٹ گورننس فریم ورک میں سب سے اہم ادارہ ہے، اس لیے اس میں ایماندار اور قابل لوگوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔ چونکہ پاکستان کے گورننس فریم ورک میں سب سے سنگین خامی انتخابی نظام کے ذریعے دیانتدار اور اہل امیدواروں کو منتخب کرنےمیں نااہلی ہے، اس لیے انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے، یعنی ایسا انتخابی نظام جو متناسب نمائندگی کے ماڈل پر مبنی ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی نظام کو تبدیل کرنے سے موجودہ گورننس کے بہت سے مسائل کو دور کیا جا سکتا ہے۔

مزید برآں، یہ جان لینا چاہیے کہ کچھ عناصر پس پردہ ایک ایجنڈے کے تحت پاکستان کو برا بھلا اور بدنام کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔ آئین اور اداروں کو نشانہ بنانے کے علاوہ، یہ عناصر پاکستان کے نسلی تنوع کو بھی نشانہ بناتے ہیں تاکہ متعدد شناختوں کے تناظر کو تبدیل کیا جا سکے اور مختلف نسلی شناختوں کے درمیان سماجی تصادم اور تقسیم کا بیج بویا جاسکے۔

چونکہ اجتماعیت نسلیشناختوں سےہی حاصل ہوتی ہے اس لیے پاکستان کے عوام بالخصوص نوجوانوں کو ایسی کوششوں کا شکار نہیں ہونا چاہیے جو تقسیم اور تنہائی لانے کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو نشانہ بنائیں۔

اس سے قبل، طلباء کو آئی پی ایس کے پس منظر، تحقیقی کاموں، مختلف شعبوںمیں اس کی شراکت، اور پاکستان کی متعدد اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مضبوط ادارہ جاتی تعلقات اور روابط سے متعارف کرایا گیا،  جن کا مقصدطلباء کو مختلف پالیسیوں پر مبنی تحقیقی عنوانات میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر، ناصری نے آئی پی ایس کی طرف سےوفد کی میزبانی اور طالب علموں کے ساتھ ایک مؤثر بات چیت کے لیے خالد رحمٰن کا شکریہ ادا کیا۔

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے