ترقی کے عاملین اور سرکاری افسران کے وفد کی آمد
پاکستان میں دیہی ترقی کی صورت گری کرنے والے سماجی کارکنوں، عوامی نمائندوں اور ترقیات سے متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران کے ایک وفد نے ۱۰اپریل ۲۰۱۴ء کو انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آئی پی ایس میں پالیسی ریسرچ میں ہونے والے کام اور قومی پالیسی امور میں حصہ ادا کرنے کے بارے میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہی حاصل کی۔ یہ وفد اختر حمید خان نیشنل سنٹر برائے دیہی ترقی اسلام آباد میں غربت کے خاتمے سے متعلق ایک کورس میں شرکت کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے افراد پر مشتمل تھا۔
آئی پی ایس کے لیڈ کوآرڈی نیٹر عرفان شہزاد نے شرکاء کو آئی پی ایس کے تعارف پر مبنی بریفنگ دی۔ پریزنٹیشن کے بعد ملک کے ترقیاتی سیکٹر سے متعلقہ امور پر مکالمہ اور تبادلۂ خیال ہوا۔ شرکاء نے ادارہ میں موجود کتابوں کے عظیم خزانے کی موجودگی میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اس علمی سرمائے سے استفادہ کی ممکنہ صورتوں پر بات چیت ہوئی۔
اس علمی نشست کی صدارت آئی پی ایس کے ڈائریکٹر جنرل خالد رحمن نے کی اور آئی پی ایس اور شرکاء وفد کی تنظیموں کے درمیان باہمی تجربات اور خیالات سے استفادہ کرنے اور باہمی دلچسپی کے معاملات خصوصاً تعلیم، تربیت اور ایڈووکیسی میں باہمی تعاون کے طریقوں پر بھی بات ہوئی۔
جواب دیں