دینی مدارس: انسانی حقوق کی تعلیم
نوعیت: پانچ روزہ ورکشاپ
مقررین: مولانا زاہد الراشدی، چیئرمین الشریعہ اکیڈمی، گوجرانوالہ
ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ، محبوب صدا، ڈائریکٹر جنرل کرسچن اسٹڈی سنٹر، راولپنڈی ،
پروفیسر امجد احمد، استاد کلیۃ الشریعۃ ، بین الاقوامی یونیورسٹی، اسلام آباد
پروفیسر مشتاق احمد، ایسوسی ایٹ پروفیسر، کلیۃ الشریعۃ ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد
راجہ محمد اشتیاق ایڈووکیٹ ، ممبر لاہور ہائی کورٹ بار کونسل اسلام آباد
مہمانان خصوصی: ڈاکٹر انیس احمد، وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلام آباد
ڈاکٹر خالدعلوی، ڈین فیکلٹی آف آرٹس، وش یونیورسٹی، اسلام آباد
ڈاکٹر سفیراختر،سینئر ریسرچ فیلو، آئی پی ایس، اسلام آباد
پروفیسر عبدالجبارشاکر، ڈائریکٹرجنرل، دعوۃ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد
"دینی مدارس میں انسانی حقوق کی تعلیم” پراجیکٹ کے تسلسل میں دینی مدارس کے اساتذہ کے لیے ۱۷ تا ۲۰ مارچ ۲۰۰۸ء انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز میں پانچ روزہ تربیتی ورک شاپ منعقد کی گئی تاکہ دینی مدارس کے اساتذہ کو بھی بین الاقوامی سطح پر معاصر دنیا میں جاری حقوق انسانی کی بحث میں شریک کیا جاسکے۔ تعلیم وتدریس، اور قانون کے شعبوں سے وابستہ اہل علم ودانش نے اس پروگرام میں اظہارخیال کیا۔
اس ورک شاپ کا اہم ترین پہلو اس کی متنوع جہتیں تھیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیزنے دینی مدارس کے اساتذہ کو اسلام آباد میں واقع عورت فاونڈیشن، ضلع کچہری اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفاتر کا دورہ کروایا تاکہ وہ مختلف تنظیموں اور انتظامی اداروں کا خود مشاہدہ کریں اور ان کے ذمہ داران سے براہ راست ملیں۔ شرکاء نے گروپ کی شکل میں انٹرنیٹ کے ذریعے امریکہ اور اقوام متحدہ کے مختلف اداروں اور ذیلی تنظیموں کے جانب سے تیارکردہ انسانی حقوق کی صورت حال پر تازہ رپورٹس تلاش کرنے اور حاصل کرنے کا تجربہ حاصل کیا۔ نیز ورکشاپ کے شرکاء نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی اداروں کی تیار کردہ دستاویزات کا مطالعہ کیا اور اپنی آراء پر مبنی جائزہ رپورٹس پیش کیں۔
شرکاء نے ان دستاویزات کا تنقیدی جائزہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بعض ان انسانی حقوق کا بھی جائزہ لیا جواسلامی شریعت میں موجود ہیں اور مدرسہ کی تعلیم میں پڑھائے جاتے ہیں۔ اس ورکشاپ کے اختتامی اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیزکے چیئرمین پروفیسر خورشید احمد نے بھی شرکت کی۔
اس پانچ روزہ ورکشاپ سے پہلے ادارہ نے ایک ایک دن کی دو مشاورتی مجلسوں کا بھی اہتمام کیا تھا جس میں دینی مدارس کے تمام پانچوں بورڈوں سے وابستہ دینی اسکالرز، ماہرین تعلیم اور مختلف وزارتوں کے ذمہ دار حکام نے بھی شرکت کی۔ یہ مشاورتی اجلاس ۹جنوری اور ۱۴ فروری ۲۰۰۸ء کو منعقد ہوئے۔
ورکشاپ کے شرکاء نے انسانی حقوق کی تعلیم کے حوالہ سے عمومی گفتگو کی اور دینی مدارس میں انسانی حقوق کی تعلیم کے حوالہ سے تعلیمی نصاب کا ایک خاکہ بھی تیار کیا۔ شرکاء نے اپنے تبصروں، تجاویز اور سفارشات کے ذریعے اس خاکہ کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ جناب اکرام الحق اور جناب عبداللہ خان سیفی نے پروگرام کی ادارت کی۔
جواب دیں