جریدہ "مباحث” ایک تعارف

جریدہ "مباحث” ایک تعارف

  • پاکستان کی معاشرت اور سیاست کی صورت گری میں مذہب ایک اہم کردار ادا کرتا ہے جس کی متعدد جہتوں کے عکاس مختلف مذہبی مکاتب فکر کے ترجمان رسائل و جرائد ہیں جن کا نقطۂ نظر جاننا پاکستان کے مجموعی سیاسی اور معاشرتی منظر نامے کو سمجھنے کے لیے ناگزیر ہے۔
  • پاکستان کے دینی عناصر اور مذہبی حلقوں کی نوعیت دو طرح کی ہے۔ ایک تو وہ جو قومی سطح پر سیاسی عمل میں شریک وسرگرم ہیں اور اپنی واضح سیاسی شناخت کے باعث اس حلقے کے احساسات و جذبات سے کم وبیش سب لوگ واقف ہیں جبکہ دوسرا طبقہ ایسا ہے جو سیاسی عمل میں تو شریک نہیں ہوتا لیکن اپنے دینی میلان اور مذہبی رجحان کی مناسبت سے علمی وفکری دائرے میں سرگرم ہے ۔ اس سرگرمی کی ایک نمایاں علامت مختلف دینی جرائد ہیں۔ قومی اور بین الاقوامی صورت حال اور ان میں آنے والی تبدیلیوں کے حوالہ سے ان جرائد میں شائع شدہ تحریریں پاکستان کے دینی طبقات کی سوچ کی عکاس ہی نہیں بلکہ انہیں متاثر کرنے میں بھی اہم کردارادا کرتی ہیں۔ یوں دینی طبقے کی ذہن سازی میں یہ دینی جرائد معروف و متعین کردار ادا کرتے ہیں۔
  • پاکستان اور پاکستان سے باہربہت سے افراداور ادارے ایسے ہیں جو دینی جرائد کی آرا جاننے کے خواہش مند ہوتے ہیں لیکن اپنی مصروفیت یا جرائد کی عدم دستیابی کے باعث اس خواہش کی تکمیل نہیں کر سکتے۔ یہ مختصرجریدہ انہیں وہ سہولت فراہم کرسکتا ہے جس کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی حالات اور آنے والی تبدیلیوں پر دینی طبقات کاردعمل اور فکر سامنے آسکے کہ اس میں کس حد تک ہم آہنگی یا اختلافات ہیں اور قومی اور عوامی سوچ سے یہ کس قدر مختلف یا یکساں ہے اور اپنے مؤقف کے حق میں کیا دلائل پیش کیے جارہے ہیں۔
  • تمام دینی جرائد کا احاطہ کرنا یا ان جرائد میں شامل ہر موضو ع کا جائزہ لینامطلوب نہیں ہے بلکہ صرف قومی تناظر میں منتخب مسائل اور ایشوز پرہر مکتب فکر کے نمائندہ جرائد کے نقطۂ نظر تک رسائی پیش نظر ہے۔

تحقیقی جریدہ "مباحث” ہردوماہ بعد پر تیا ر کیا جاتا ہے (سال میں چھ شمارے)، جس میں اس دوماہ کے عرصے میں شائع ہونے والے جرائد میں قومی وبین الاقوامی مسائل اور معاملات پر پیش کی گئی آراء کا تجزیہ و خلاصہ پیش کیا جاتا ہے ۔یہ جرائد ہفت روزہ، پندرہ روزہ، سہ ماہی اور ماہانہ ہیں۔دینی اداروں سےشائع ہو نے والے ان جرائد میں کبھی ناغہ یا تاخیر بھی ہو جاتی ہے ۔یہ کوشش ہوتی ہے کہ ہر دوسرے مہینے کی ۲۵ تاریخ تک موصول ہونے والے جرائد پر مبنی یہ جریدہ ہر تیسرے مہینے کی ۵ تاریخ تک انٹر نیٹ پر شائع کر دیا جائے ۔

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے