پاک چین تعلقات پر چینی پروفیسر کا لیکچر

پاک چین تعلقات پر چینی پروفیسر کا لیکچر

’’چین کے لیے پاکستان بہت زیادہ اہمیت کا حامل ملک ہے۔ چین کی سیکیورٹی،مسلم دنیا سے تعلقات اور چین کو گلف سے تیل کی مسلسل فراہمی کے پہلوہوں یا چین کو مشرقِ وسطیٰ اور اس سے آگے کی منڈیوں تک رسائی کی ضروریات ہوں، پاکستان کی اہمیت ناگزیر ہے۔ پاک چین تعلقات ایک طویل مدت کی پختگی، اعتماد کے گہرے احساس اور بالغ نظری کا وہ اثاثہ رکھتے ہیں جو علاقائی اور عالمی حالات میں آنے والی تبدیلیوں اور اُتار چڑھاؤ کو برداشت کر سکنے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔‘‘

ان خیالات کا اظہار پروفیسر زیو جیانگ منگ نے کیا جو کن منگ یونیورسٹی چین سے تعلق رکھتے ہیں اور آئی پی ایس میں وزِٹنگ اسکالر ہیں۔ وہ ۳۱ اکتوبر ۲۰۱۳ء کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں ’’پاک چین تعلقات‘‘ پر منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں لیکچر دے رہے تھے۔ اس خصوصی لیکچر کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اور اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔


 

imgpkchina

پروفیسر زیو نے کہا کہ پاک چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط ہیں تاہم تعلقات کی اس مضبوطی کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے معاشی تعاون میں اضافے، چین کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں مزید اضافے اور دونوں ملکوں کے درمیان عوام کی سطح پر زیادہ سے زیادہ آمدورفت کو فروغ دیا جانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے ان کامیابیوں اور نمایاں کارناموں کا ذکر بھی کیا جو چھ عشروں پرپھیلی ہوئی سفارتی، معاشی اور دفاعی تعاون کی روشن تاریخ میں موجودہیں۔

شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے ڈاکٹر منظور آفریدی نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی یہ سمجھتی ہے کہ تبدیلیاں ناگزیر ہیں اور دونوں ملکوں کو باہمی تعاون کے نئے میدان تلاش کرنے کی جستجو کرنی چاہیے اور اپنی شراکت کا دائرہ وسیع کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے درمیان علم و آگہی کے تبادلے کی صورتوں کو فروغ دینا لازمی امر ہے۔

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے لیڈ کو آرڈی نیٹر جناب عرفان شہزاد نے اس موقع پر آئی پی ایس کی سرگرمیوں کا تعارف کروایا۔ خصوصیت سے چین کے مطالعے کے پروگرام کا تعارف کرواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی ایس دونوں اقوام کے درمیان افہام و تفہیم کی سطح کو بڑھانے کے لیے باہمی علمی سرگرمیوں کے فروغ کا علمبردار ہے جس میں علمی شخصیات کے دو طرفہ سفر، مطالعے، تحقیق اور تبادلہ خیال کی مجالس قابلِ ذکر ہیں۔

اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے چینی پروفیسر کے اس خصوصی لیکچر میں شرکت کی۔

نوعیت:              روداد سیمینار

تاریخ :               ۳۱ اکتوبر ۲۰۱۳ء

مقام:                 بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد

 

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے