مباحث مارچ ۲۰۱۰ ء
حرفِ اول
سال ۲۰۱۰ ء کی پہلی دوماہی جنوری/ فروری میں قومی اور بین الاقوامی نوعیت کے اہم موضوعات پر دینی جرائد کی آراکاتجزیہ پیش خدمت ہے۔ قارئین کی سہولت کے پیش نظر زیر نظر تجزیے میں زیر بحث لائے گئے مو ضوعات کو دو ابواب یعنی قومی اموراوربین الاقوامی امورمیں تقسیم کیا گیا ہے ۔
قومی امور کے ضمن میں دینی جرائدنےقومی مفاہمتی آرڈیننس پر عدالتی فیصلے کی تائید اور تنفیذ کو ضروری خیال کیا ہے ۔ یوم عاشورہ کےمو قع پرسانحہ کراچی کو مذہبی رنگ دینے کے ساتھ انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھیرایا گیا ، پاکستان کی سیاست میں امریکی کردار پر تحفظات، دہشت گردی کی مذمت اور لاپتہ افراد کے معاملے پر گہری تشویش سامنے آ ئی ہے ۔دینی مدارس پر سیکیورٹی چیکنگ کے سلسلے میں چھاپوں کو جانبدارانہ طرز عمل اور مدارس کےخلاف سازش سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ قومی مالیاتی ایوارڈ کے بارے میں فیصلے کو خوش آئند جبکہ معاشی اور سماجی مسائل کو حل طلب خیال کرتے ہوئےزیر بحث لایا گیا ہے۔نیز مذہبی معاملات میں باہمی اختلاف رائے کی جھلک محرم الحرام کےحوالے سے کی گئی گفتگومیں سامنے آئی، جبکہ اتحاد امت کی اہمیت اور ضرورت پر محدود اظہار خیال پیش کیا گیا ساتھ ہی اعضا کی پیوندکاری کی بحث میں اختلافی نقطہ نظر سامنے آیا ۔ البتہ دسمبر میں سرگودھا سے گرفتارکیے گئے امریکی شہری ، حکومت پاکستان کی امریکی باشندوں کے بارے میں ویزا پالیسی اورقومی اسمبلی سے تحفظ خواتین بل کی منظوری جیسے موضوعات پر جرائد نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔اول الذکر دوموضوعات پررائے نہ آنے کی ایک وجہ دیگر اہم موضوعات پر زیادہ توجہ مرکوز ہو نا معلوم ہوتی ہے ، جبکہ تحفظ خواتین بل کی منظوری پر آئندہ ماہ رائے آنے کی توقع کی جاسکتی ہے ۔
بین الاقوامی امورکی بحث میں امریکہ کے عالمی کردار کو متعدد تناظرات میں تنقیدی نظر سے دیکھا جارہا ہے، سویئٹزر لینڈ میں مسجدوں کےمیناروں پر پابندی اورتوہین رسالت پر مبنی خاکوں کی اشاعت بھی توجہ کا مرکز بنی اور مغرب میں اسلام کے بارے میں متعصبانہ رویے کےطور پر پیش کی گئی۔ پاک بھارت مذاکرات کے بارے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ اور اس پر پاکستان کی ترجمانی کی کوشش سمیت تنازعہ کشمیر کا تذکرہ بھی کیا گیا ۔ مصر ، ملائشیا اور نائیجیریا میں ہونے والے عیسائی مسلم فسادات پر بھی مسلم تناظر میں گفتگو ہوئی ۔تاہم عالمی نوعیت کے بعض اہم موضوعات مثلاًدوبئی میں منعقد ہ احباب پاکستان کا اجلاس ، یمن سعودی عرب تنازعہ ،ویلنٹائن ڈے اور ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس پر جرائدمیں کو ئی اظہارخیال نہیں ہوا ۔
قومی اور بین الاقوامی مسائل پر پاکستان کے دینی جرائد کیا رائے رکھتے ہیں اور اس ضمن میں اپنے مسلکی رجحانات کو کس حد تک برقرار رکھ پائے ہیں جرید ے کا مطالعہ اس نقطہ نظر سے مفید ہو گا۔
جواب دیں