مباحث، مارچ ۲۰۱۲ ء

مباحث، مارچ ۲۰۱۲ ء

مصر میں اسلام پسندوں کی فتح

گزشتہ سال عرب ممالک میں اٹھنے والی عوامی انقلاب کی لہر نے مصر کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ۔ ایک طویل جدو جہد کے نتیجے میں حسنی مبارک نے استعفیٰ دے دیا اور فوج نے اقتدار سنبھال لیا۔ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے  گزشتہ سال نومبر سے انتخابات کا آغاز ہوا  جو کہ تین مراحل پر مشتمل تھے۔  انتخابات کا آخری مرحلہ 3 جنوری 2012ء کو مکمل  ہوا ۔ تین مرحلوں میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے حتمی  نتائج کے مطابق اسلام پسند جماعتوں کو ان انتخابات میں بڑے فرق سے فتح ملی ہے۔ دستیاب دینی جرائد میں سے اہل حدیث مکتبہ فکر کے "ترجمان الحدیث” نے اس موضوع پر اداریے میں  اظہار خیال کیا ہے۔  جبکہ شیعہ مکتبہ فکر کے "افکار العارف” نے اس حوالے سے ایک مضمون شائع کیا ہے۔
"ترجمان الحدیث”  رقم طراز ہے کہ اس کامیابی سے یہ ثابت ہو گیا کہ اسلامی دنیا میں آج بھی عوام کی اکثریت اسلام پسند ہے اوروہ زندگی کے تمام شعبوں میں اسلامی قوانین کی حکمرانی چاہتی ہے۔  نیز یہ نتائج ان قوتوں کے لیے نوشتہ دیوار ہیں جو اب بھی اسلام کے خلاف قوت  کا استعمال کرتے ہیں ، جو سیکولر ازم کے حامی ہیں اور اسلام سے بیزاری اور نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔ جریدے نے خاص طور سلفی مسلک کی حامل النور پارٹی کی کامیابی پر نیک خیالات کا اظہار کیا  ہے اور کہا ہے کہ اس جماعت کی کامیابی ایک پیغام ہے کہ حق اور سچ کی ہمیشہ فتح ہوتی ہے یہ اتنا ہی ابھرے گا جتنا کہ دبا دیں گے[6] ۔
"افکار العارف” نے  اس کامیابی کو خوش آئند قرار دیا  اور خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل  اس انقلاب کی راہ میں روڑے اٹکانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ لیکن اخوان المسلمین کو یاد رکھنا چاہیے کہ  انقلاب کبھی بھی 18 دنوں میں کامیاب نہیں ہوا کرتے بلکہ اس کے لیے مصائب و مشکلات کا ایک سمندر عبور  کرنا پڑتا ہے۔ تاہم  النور پارٹی کے بارے میں جریدہ مختلف رائے کا اظہار کرتا ہے۔ جریدے کے خیال میں سلفی افکار کی ترویج امریکی CIA کی مجبوری ہے جس کا مقصد ایرانی طرز کے انقلاب کو روکنا ہے۔ نیز مصر کے لیے بھی ایران کے بجائے ترکی کا ماڈل پیش کرنا بھی مغرب کی ایک چال ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ مصری معاشرہ مشکلات کو قبول کرتے ہوئے اپنی ابدی و اخروی کامیابی کو گلے لگاتا ہے یا مشکلات سے گھبرا کر عارضی اور دنیاوی  نجات کے راستے کا انتخاب کرتا ہے[7] ۔

[6]اداریہ "مصر میں اسلام پسند جماعتوں کی کامیابی”، ماہنامہ ترجمان الحدیث، فیصل آباد، جنوری، فروری 2012ء (اہل حدیث)
[7]سلمان رضا "مصر: انتخابات میں اسلامی جماعتوں کی کامیابی”، ماہنامہ افکار العارف لاہور، جنوری 2012ء (شیعہ)

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے