مباحث نومبر ۲۰۱۰ ء
افغانستان میں جاری جنگ
افغانستان میں امریکہ اور اتحادی افواج کی جانب سے شروع کی گئی جنگ جاری ہے ، تاہم اس حوالے سے کئی طرح کی خبریں منظرِ عام پر آتی رہتی ہیں ۔ امریکہ اور افغان حکومت کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی خبریں کافی عرصے سے سامنے آ رہی ہیں ۔ افغان حکومت کی جانب سے طالبا ن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تازہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے "ضرب مومن” لکھتا ہے ” یہ بات اب کو ئی راز نہیں کہ افغان کوہساروں میں سپر پاور کہلانے والی طاقتیں مسلسل پسپا ہو رہی ہیں ۔ رواں سال امریکہ کو افغانستان میں کچھ زیادہ ہی پسپائی کا سامنا رہا ،خود ڈیوڈ پٹریاس نے تسلیم کیا کہ ۲۰۱۰ء افغان جنگ کے آغازسے اب تک سب سے زیادہ خون ریز سال ہے ۔” جریدہ مزید لکھتا ہے ” امریکی انٹیلی جنس نے صدر اوباما کو بتایا ہے کہ عراق او ر افغانستان سے زیادہ پاکستان خطرناک ہے اس لیے کارروائی کا دائرہ پاکستان تک بڑھا دیا جائے ، یہی وجہ ہے کہ اوباما نے پاکستان پر ڈرون حملوں اور خفیہ آپریشنز کی منظوری دی مگر پاکستان نے امریکہ کی سپلائی لائن کاٹ دی جس کے باعث اسے معافی مانگنا پڑی۔” جریدہ امریکہ کو مشورہ دیتے ہوئے لکھتا ہے "امریکہ کو مزید پریشانیوں سے بچنے کے لیے افغانستان سے نکلنے کی سبیل نکالنا ہوگی ورنہ پریشانیاں اس کا اور کامیابیاں طالبا ن کے قدم چومتی رہیں گی ۔” [42]
جواب دیں