کشمیر اور فلسطین کے لیے یکجہتی افطار

کشمیر اور فلسطین کے لیے یکجہتی افطار

فلسطینی و کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت  کے لیے عالمی برادری پر زور

19اپریل 2023 کو آئی پی ایس میں کشمیر کے موضوع پر منعقد ہونے والے ایک مباحثے میں شریک مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر میں مظلوم عوام کی جدوجہد کا نوٹس لیں اور انصاف اور حق خود ارادیت کے لیےکی جانے والی کوششوں کی حمایت کریں۔

کانفرنس مع یکجہتی افطار برائے کشمیر اور فلسطین ، جس کا انعقاد لیگل فورم فار کشمیر(ایل ایف کے)اورآئی پی ایس  نے مشترکہ طور پر  کیا تھا، کے آخر میں ایل ایف کےکی طرف سے ’انڈیاز امپیونٹی ان کشمیر: سرویلی اینس، کاونٹر انسرجینسی اینڈ پولیٹکس آف فیئر‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ کا اجراء کیا گیا۔ یہ رپورٹ کشمیر کے لوگوں پر بھارت کی منظم نگرانی ، انسداد بغاوت کے اقدامات اور سیاسی جبر پر روشنی ڈالتی ہے۔

تقریب سے چیئرمین آئی پی ایس خالد رحمٰن، پروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود، ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی، اسلام آباد(آئی آئی یو آئی)؛ ایڈوکیٹ ناصر قادری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایل ایف کے؛سینئر حریت رہنماؤں غلام محمد صفی اور محمود احمد ساغر اورسابق امیرجماعت اسلامی، آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رحمٰن نے کہا کہ جنگ کے عملی پہلوؤں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے جبکہ جسمانی جنگ ابھی بھی موثر ہے، فلسطین اور کشمیر جیسے چند مستثنیات کے ساتھ جدید دور میں علاقوں پر قبضہ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اب جنگ صرف میدان جنگ تک محدود نہیں رہی بلکہ ذہنوں اور دلوں کی جنگ میں تبدیل ہو چکی ہے۔ ریاست یا گھر کوطاقت کا مظہر بنانےکے لیے، ہمیں اپنے قوت بازو پربھروسہ اوراپنی کمزوریوں کو دور کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک ایسا بیانیہ تیار کرنے کی ضرورت ہے جسے بین الاقوامی سطح پر سنا جا سکے ۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے کہ کشمیری عوام کی جائز امنگوں کو تسلیم کیا جائے اور ان کا احترام کیا جائے۔

پروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود نے کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی عدم استحکام کے مسئلہ کشمیر پر سنگین مضمرات ہیں۔ جب تک پاکستان سیاسی طور پر مستحکم نہیں ہوتا، وہ کشمیر کاز میں کوئی اہم کردار ادا نہیں کر سکتا۔ چنانچہ طویل المدتی منصوبہ بندی اور حکمت عملی پر توجہ مرکوز کرنا اور اس بات پر لائحہ عمل بنانا ضروری  ہے کہ کس طرح کشمیر کے باشندے (بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر) اوربالخصوص نوجوان کشمیر کاز کی وکالت میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

قادری نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل کے حربوں، جبری گمشدگیوں اور کشمیر کے لوگوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں تشدد کی کارروائیوں جیسےمسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر توجہ دلائی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں اسرائیل کی طرف سے اختیار کیے گئےنگرانی کے نظام اور بغاوت کو کچلنےکے طریقہ کار کی نقل  کونظر اندازنہ کرتے ہوئےاس کی مذمت کی جانی چاہیے۔

صافی نے کہا کہ اسرائیل اور ہندوستان بالترتیب فلسطین اور کشمیر میں نہتے شہریوں کو زبردستی محکوم بنا رہے ہیں۔ تاہم، بے لگام جبر اور ریاستی تشدد کے باوجود، کشمیر اور فلسطین کے پرعزم لوگ قبضے اور غیر متناسب ریاستی تشدد کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک قبضہ برقرار ہے کشمیریوں کو مزاحمت کرنے کا پورا حق ہے اور عالمی برادری کو قابض کی  طرف سےطاقت کے اندھا دھنداور ظالمانہ استعمال اور لوگوں کی مسلح مزاحمت کوایک ترازو میں نہیں تولنا چاہیے۔

ساغر نے کہا کہ بھارت کشمیر میں تنہا کام نہیں کر رہا ہے بلکہ اسے غیر ملکی حکام کی مدد اور مدد حاصل ہے۔ کشمیر میں ہندوستان کی طرف سے اختیار کیے گئے نوآبادیاتی آباد کاری پروگرام اس بات کا مظہر ہے کہ وہ مقامی باشندوں کو ختم کرنے اور غیر مقامی لوگوں کی آباد کاری کو یقینی بنانے کے لیے اسرائیلی حکمت عملیوں پر کارفرما ہے، جو ان دونوں ممالک کے درمیان اتحادکااشارہ بھی ہے۔

ترابی نے کہا کہ فلسطینیوں نے اپنی جدوجہد اور مزاحمت کو اجتماعی کوششوں کے ذریعے جاری رکھا ہے، جس میں القدس انٹرنیشنل فورم کی تشکیل بھی شامل ہےجو کہ تنظیموں کا ایک کاز پر مبنی اتحاد ہے۔ اسی طرح کشمیری عوام کو اکٹھے ہو کر آزاد جموں و کشمیر میں ایک بیس کیمپ بنانا چاہیے  اور اس کےلیے اسی طرح کی قرارداد کومنظور کرناچاہیے  جس طرح پاکستان کے آئین میں قرارداد مقاصد کو منظورکیا گیا ہے۔

پینلسٹس نے متفقہ طور پر کشمیری اور فلسطینی عوام کی طرف سےجاری منصفانہ جدوجہد میں بین الاقوامی حمایت کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیاجبکہ اس طرح کی جدوجہد میں بین الاقوامی حمایت  اور یکجہتی کی اہمیت مسلمہ ہے۔

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے