مباحث نومبر ۲۰۱۰ ء

مباحث نومبر ۲۰۱۰ ء

حرفِ اول

سال ۲۰۱۰ء کی پانچویں  دوماہی (ستمبر، اکتوبر) میں قومی اور بین الاقوامی نوعیت کے اہم موضوعات اور واقعات  پر  دینی مکاتب فکر کے  جرائد  میں پیش کیے گئے تجزیوں اور تبصروں کا خلاصہ  آئند ہ صفحات میں پیش کیا گیا ہے۔ قارئین کی سہولت کے پیش نظر یہاں اس کی تلخیص  پیش کی جارہی ہے۔

زیر نظرعرصہ میں دینی جرائد نے قومی امو ر کے ذیل  میں  ملک میں آنے والے حالیہ تباہ کن سیلاب کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔جس میں سیلاب کے اسباب اور اس  کی روک تھا م کے لیے کی جانے والی کوششوں کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو سامنے لایا گیاہے ۔ایم کیوایم کے قائد کے مارشل لاء کے بارے میں بیان کے  مثبت اور منفی دونوں  پہلوؤں کو اجاگر کیاگیا ، مسلم لیگ ن پر قادیانی فرقے کی حمایت کا الزام اور اُس پر تنقید ، دہشت گر دی کے واقعات پر سنجیدہ طرز عمل اختیار کرنے کی ترغیب ،اور صدر زرداری کے دورۂ برطانیہ اور وہاں اُن  پر جوتا پھینکے جانے  کے واقعے کو عوامی نفرت کے جذبے کے طور پر دیکھا گیا ۔

سلگتے ہوئے قومی مسائل میں قومی مصالحتی آرڈیننس( این آر او)  کی اخلاقی قباحتوں کو بیان کرتے ہوئے اس  کے خلاف عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی ترغیب ،جعلی اسناد پر مناصب حاصل کرنے کے رویے کی حوصلہ شکنی ، اور داتا دربار پر خود کش حملے کے تناظر میں تبلیغی جماعت کے اجتماع پر پابندی   اور جماعت الدعوۃ کے مرکز کو ختم کرنے کے سنی اتحاد کونسل کے مطالبے کو غیردانشمندانہ طر ز عمل سے تعیبر کرنا نیز پاکستانی کرکٹرز پر میچ فکسنگ کے الزام کو ملک میں اعلیٰ سطح پر ہونے والی کرپشن کے تناظر میں کرپشن کا ہر سطح پر خاتمہ کرنے کا مطالبہ شامل ہے  ۔

بین الاقوامی امور میں امریکی عدالت کی طرف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو دی جانے والی ۸۶ برس کی سزا کو ناانصافی اور ظالمانہ  طرز عمل اور مغرب میں قرآن کریم کو جلانے کے اعلانات  پر تنقید اور قرآن کے ساتھ خود مسلمانوں کے بعض رویوں کو بھی توہین آمیز قرار دیا گیا اور اس ضمن میں  مسلم اور بالخصوص پاکستانی حکمرانوں کے طر زعمل کو مجرمانہ قرار دیا گیا ۔افغانستان میں جاری جنگ کے تناظرمیں  مذاکرت کی کوششوں کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی شکست سے تعبیر کیا گیا ، تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اہل پاکستان کے کشمیریوں کے ساتھ ہمدردانہ رویے کا اعادہ بھی جرائد کی آراء کا حصہ ہے ۔

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے