مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے لیے پاکستان میں تکنیکی خودانحصاری اور عملی حکمت عملی ضروری ہے: ماہرین
پاکستان کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے لیے ایسی جامع اور قابلِ عمل قومی حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے جو ٹیکنالوجی میں جدت کے ساتھ قومی سلامتی، ڈیٹا پر خودمختاری، معاشی ترجیحات، دستیاب وسائل اور اخلاقی تقاضوں میں توازن قائم رکھ سکے۔ ماہرین کے مطابق محض پالیسی اعلانات کے بجائے عملی اقدامات، قابلِ پیمائش نتائج اور مقامی تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ کو ترجیح دینا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس)، اسلام آباد کے زیر اہتمام ’’الگورتھم کی حکمرانی: مصنوعی ذہانت سے متعلق تقابلی پالیسیاں اور پاکستان کے لیے اسباق‘‘ کے عنوان سے ۳۰ اکتوبر ۲۰۲۶ ءکو منعقدہ سیمینار میں کیا گیا۔ سیمینار سے کرٹن یونیورسٹی، آسٹریلیا کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر مسعود محمود خان، اسٹریٹجک وژن انسٹی ٹیوٹ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ذیشان جاوید اور سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے سینئر ریسرچ ایسوسی ایٹ محمد فیضان فخر نے خطاب کیا۔ آئی پی ایس کے ڈائریکٹر جنرل یاسر ریاض نے بھی اظہارِ خیال کیا، جبکہ نشست کی صدارت آئی پی ایس کے چیئرمین خالد رحمان نے کی۔
کلیدی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مسعود محمود خان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے متعلق پالیسی کو محض ایک تکنیکی منصوبے تک محدود رکھنے کے بجائے حکمرانی، معاشی ترجیحات، بنیادی ڈھانچے، تحقیق اور انسانی ترقی کو یکجا کرنے والے جامع قومی فریم ورک کی صورت میں تشکیل دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ترجیحی ڈیٹا سیٹس کو مضبوط بنانے، کم لاگت پر کمپیوٹنگ کی سہولتیں فراہم کرنے، عملی مہارتوں کے فروغ اور قومی ضروریات سے ہم آہنگ اے آئی ماڈل اپنانے پر زور دیا۔ ان کے مطابق پاکستان کی پیش رفت کا جائزہ پالیسی اعلانات کے بجائے ٹھوس نتائج کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔
ذیشان جاوید نے مصنوعی ذہانت کی ترقی کے لیے درکار مادی وسائل اور ماحولیاتی تقاضوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے لیے پانی، توانائی اور کمپیوٹنگ کے مضبوط بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تکنیکی خودانحصاری کی کوششیں صرف سافٹ ویئر تک محدود نہیں رہنی چاہییں بلکہ اہم ہارڈویئر کی تیاری اور دستیابی بھی اس کا حصہ ہونی چاہیے۔
محمد فیضان فخر نے امریکہ، چین اور یورپی یونین کے مصنوعی ذہانت سے متعلق حکمرانی کے مختلف طریقہ ہائے کار کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مسابقت اب صرف سافٹ ویئر تک محدود نہیں رہی بلکہ سیمی کنڈکٹرز، کمپیوٹنگ ہارڈویئر اور رسدی زنجیریں بھی اس میں بنیادی اہمیت اختیار کر چکی ہیں۔ انہوں نے ڈیٹا پر خودمختاری کے تحفظ، مقامی صلاحیتوں کے فروغ، ہنرمند افرادی قوت کو ملک میں برقرار رکھنے اور اے آئی نظاموں کی آزادانہ جانچ کی ضرورت پر زور دیا۔
یاسر ریاض نے کہا کہ مصنوعی ذہانت معاشی اور معاشرتی ڈھانچوں میں نمایاں تبدیلی لائے گی، تاہم اس کے نتیجے میں ابتدائی اور درمیانی درجے کی مہارت رکھنے والے کارکنوں کے روزگار متاثر ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ انہوں نے اے آئی کے نتائج کی درستگی کے لیے قابلِ اعتماد ڈیٹا نظاموں کی اہمیت اجاگر کی۔
اختتامی کلمات میں خالد رحمان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی حکمرانی کا اخلاقی فریم ورک انسانی مقاصد اور جواب دہی پر مبنی ہونا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ الگورتھمز اور ڈیٹا پر مبنی نظاموں کو ازخود اخلاقی معیارات متعین کرنے کا اختیار نہیں دیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی کی ترقی کا بنیادی مقصد مادی مفادات کے بجائے انسانی فلاح و بہبود، ترقی اور امن کا فروغ ہونا چاہیے۔
