عہدُ اللہ: قرآن کے عہود اور اس کا قانونی نظام

عہدُ اللہ: قرآن کے عہود اور اس کا قانونی نظام

احمر بلال صوفی کی نئی کتاب پر منعقدہ نشست کے مقررین نے کہا کہ قرآن مجید میں بیان کردہ عہد و پیمان کا تصور اللہ تعالیٰ، انسانوں اور معاشرے کے ساتھ تعلقات میں باہمی حقوق، فرائض اور ذمہ داریوں کا ایک جامع نظام پیش کرتا ہے۔ یہ معاہدے محض انفرادی عبادات تک محدود نہیں بلکہ خاندانی اور معاشرتی تعلقات، اجتماعی ذمہ داریوں، طرزِ حکمرانی اور اقوام و معاشروں کے درمیان معاہدوں کا بھی احاطہ کرتے ہیں۔ مقررین نے اس نظام کی اہمیت کو مسلم معاشروں سے آگے، بالخصوص اقلیتوں کے حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی کے تناظر میں بھی اجاگر کیا، اور کہا کہ جب معاہدات کو دینی ذمہ داری سمجھ کر پورا کیا جائے تو ان کی اہمیت محض قانونی تقاضے سے بڑھ جاتی ہے۔

یہ باتیں انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس)، اسلام آباد میں ۲۰ نومبر کو منعقدہ نشست میں زیرِ بحث آئیں، جس کا موضوع معروف ماہرِ قانون اور سابق وفاقی وزیر احمر بلال صوفی کی کتاب ’’عہد اللہ: قرآن کے معاہدات اور اس کا قانونی ڈھانچہ‘‘ تھا۔ نشست میں علمائے کرام، قانونی ماہرین اور مفکرین نے شرکت کی اور قرآن مجید کو اخلاقی، قانونی اور معاشرتی رہنمائی کے جامع سرچشمے کے طور پر سمجھنے میں کتاب کی اہمیت کا جائزہ لیا۔

نشست کی صدارت سپریم کورٹ کے شریعت اپیلیٹ بنچ کے رکن ڈاکٹر خالد مسعود نے کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیم میجر جنرل (ر) ڈاکٹر غلام قمر مہمانِ خصوصی تھے۔ مقررین میں ڈاکٹر یاسر ریاض، نمل کے سابق ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر مستفیض علوی، ڈائریکٹر جنرل شریعہ اکیڈمی ڈاکٹر محمد اکرم، کتاب کے مصنف احمر بلال صوفی اور آئی پی ایس کے وائس چیئرمین سفیر (ر) سید ابرار حسین شامل تھے۔

اپنے ابتدائی کلمات میں ڈاکٹر یاسر ریاض نے کہا کہ قرآن مجید پر صدیوں سے وسیع علمی کام ہونے کے باوجود اس کی گہرائی انسانی فکر و عمل سے متعلق نئے اور ابھرتے ہوئے سوالات کے حوالے سے مسلسل نئے پہلو سامنے لاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرِ بحث کتاب قرآنی علوم کے ایک ایسے پہلو کو موضوع بناتی ہے جس پر نسبتاً کم توجہ دی گئی ہے اور انسانی زندگی میں الٰہی ہدایت کے اطلاق کے حوالے سے نئے زاویے پیش کرتی ہے۔

مہمانِ خصوصی میجر جنرل (ر) ڈاکٹر غلام قمر نے کتاب میں قرآن مجید کو ضابطۂ حیات کے طور پر جامع انداز میں پیش کرنے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی عہد کا نظام مسلم معاشروں سے آگے بھی اہمیت رکھتا ہے، بالخصوص اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے۔ انہوں نے کتاب کو متعلقہ قومی اور بین الاقوامی اداروں تک پہنچانے کی بھی سفارش کی۔

ڈاکٹر مستفیض علوی نے اس اشاعت کو ایک منفرد تحقیقی کاوش قرار دیا، جس میں قرآنی آیات کا تفصیلی مطالعہ کرتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کی ایک مربوط تفہیم پیش کی گئی ہے۔ ڈاکٹر محمد اکرم نے انسانی تعلقات، خالقِ کائنات کے ساتھ بندگی کے رشتے اور معاشرتی ذمہ داریوں کے پس منظر میں موجود قانونی ڈھانچے کی وضاحت پر مصنف کی کاوش کو سراہا۔

صدرِ نشست ڈاکٹر خالد مسعود نے قانون اور بین الاقوامی تعلقات سے متعلق عصرِ حاضر کے مباحث میں قرآنی تصورِ عہد پر ازسرِنو غور کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ عہد محض ایک معاہداتی بندوبست نہیں بلکہ ذمہ داری اور اخلاقی التزام کا نام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قرآن مجید کی تعلیمات کو صرف مسلمانوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کی ہدایات اور اصول پوری انسانیت کے سامنے پیش کیے جانے چاہییں۔

کتاب کے مصنف احمر بلال صوفی نے علمی مباحث کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر آئی پی ایس کا شکریہ ادا کیا اور یاد دلایا کہ ان کی ایک سابقہ کتاب پر بھی ادارے میں علمی نشست منعقد ہو چکی ہے۔

اختتامی کلمات میں آئی پی ایس کے وائس چیئرمین سفیر (ر) سید ابرار حسین نے کتاب کے مرکزی موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مصنف نے قانونی علوم کے تناظر میں قرآن مجید کا مطالعہ کرکے اس کے نظامِ عہد کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی، اجتماعی، معاشرتی اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری محض قانونی تقاضا پورا کرنے تک محدود نہیں رہتی بلکہ جب انہیں دینی ذمہ داری سمجھ کر پورا کیا جائے تو ان کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرنے والوں میں سپریم کورٹ کے وکیل عمران شفیق، مدیرہ مجلہ بتول ڈاکٹر صائمہ اسما، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تیمیہ صبیحہ، جامعہ محمدی شریف چنیوٹ کے رئیس صاحبزادہ قمرالحق، اسلامی معاشیات کے ماہر مفتی ڈاکٹر واسع فصیح بٹ، معروف ماہرِ قانون پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق، ڈاکٹر مصطفی عارف کمال اور سینیئر ریسرچ فیلو آئی پی ایس ڈاکٹر شہزاد اقبال شام شامل تھے۔

Share this post