شخصی و اداراتی نشونما پر دس روزہ ورک شاپ کی تکمیل

شخصی و اداراتی نشونما پر دس روزہ ورک شاپ کی تکمیل

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے شعبے IPS-LEAD (لرننگ، ایکسی لینس اینڈ ڈویلپمنٹ) کے زیرِ اہتمام شخصی و اداراتی نشونما پر ایک دس روزہ ورک شاپ 6ستمبر2013ء کو اختتام پذیر ہوئی۔ اس ورک شاپ میں نوجوان پیشہ ور ماہرین، کاروباری طبقات اور یونیورسٹیوں سے حال ہی میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
اس تربیتی ورک شاپ کا مقصدان مثبت شخصی مہارتوں اور صلاحیتوں(سافٹ سکلز) کو پروان چڑھانا تھا جو ایک فرد کے لیے کسی اجتماعیت میں کام کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ مثال کے طور پر باہمی تعلقات قائم کرنے کی مہارت، مؤثر ابلاغ، تنازعات کا حل اور مذاکرات، شخصی اثرات، وقت کی تنظیم، مسائل کے حل کے لیے تخلیقی ذہن، دُور رس حکمتِ عملی، ٹیم بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت وغیرہ وہ چند پہلو ہیں جن کا روزمرہ پیشہ ورانہ زندگی میں استعمال ناگزیر ہے۔ زندگی کے بارے میں اس مثبت زاویۂ نظر اور سلسلۂ اقدار کو عمل میں ڈھال کر ہم اپنی شخصیت، اردگرد کے ماحول، اپنے ادارے اور اپنی سوسائٹی میں شخصی اور اداراتی و تنظیمی بہتری کا نقش ثبت کر سکتے ہیں۔ اس ورک شاپ میں ذہنی، جذباتی اور پیشہ ورانہ نشونما پر ارتکاز کیا گیا تاکہ شرکاء جس ادارے، تنظیم یا کاروبار سے وابستہ ہیں اس کی ترقی کا باعث بنیں۔ مختلف اداروں سے وابستہ سو سے زائد نوجوان پروفیشنلز نے اس دس روزہ ورک شاپ میں شرکت کی۔
اس ورک شاپ میں جن معروف تربیت کاروں اور متحرک کرنے والے مقررین نے شرکت کی ان میں آئی پی ایس کے ڈائریکٹر جنرل     خالد رحمٰن کے علاوہ نسیم ظفر اقبال، سردار خالد محمود، رفعت اللہ خان، عبدالصمد خان، یاسر مسعود آفاق، عابد کھاری، سبوخ سید اور عاطف مختار شامل ہیں۔
یہ ورک شاپ ورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ (WAMY) کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
نوعیت:     روداد  ورک شاپ
تاریخ:     26اگست تا 6ستمبر2013ء

 

 

 

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے