الخدمت فاؤنڈیشن کے انٹرنز کا انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کا تعارفی دورہ

الخدمت فاؤنڈیشن کے انٹرنز کا انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کا تعارفی دورہ

نوجوان پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں، اور جب انہیں مقصد، قومی اقدار اور ایک واضح وژن کے ساتھ رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ مثبت اور بامقصد تبدیلی کی ایک مؤثر قوت بن سکتے ہیں۔ اخلاص، حکمت عملی پر مبنی سوچ، اور اخلاقی اصولوں سے وابستگی کے ساتھ پاکستان کی نوجوان نسل ایک زیادہ منصفانہ، ترقی پسند اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہے۔

یہ پیغام انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (IPS) کے چیئرمین خالد رحمٰن نے الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے انٹرنز سے خطاب کے دوران دیا، جو 16 جولائی 2025 کو IPS کے تعارفی دورے پر آئے۔ اس دورے کا مقصد نوجوانوں کو پالیسی مکالمے، تحقیق، اور قومی ترقی میں شمولیت کی ترغیب دینا تھا۔ انٹرنز کے وفد کی قیادت الخدمت فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر شعبہ والنٹیئر مینجمنٹ منزہ صدیقی نے کی، جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر محمد فاروق نےبھی شرکت کی۔

دورے کے دوران ایک متحرک اور فکری نشست منعقد ہوئی جس کی قیادت IPS کے چیئرمین خالد رحمٰن نے کی۔ انہوں نے پاکستان کے پالیسی منظرنامے، قوم سازی میں نوجوانوں کے کردار، اور اقدار پر مبنی قیادت کی اہمیت پر بصیرت افروز خیالات کا اظہار کیا۔

خالد رحمٰن نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا مستقبل سنوارنے میں نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے انٹرنز کو اخلاص، حکمت عملی کے ساتھ سوچنے، اور اخلاقی اصولوں کی پاسداری کے ساتھ عوامی خدمت اور سماجی ترقی کی طرف بڑھنے کی تلقین کی۔ اس سیشن میں کھلا مکالمہ بھی شامل تھا جس میں انٹرنز کو سوالات کرنے، اپنے خیالات کا اظہار کرنے، اور براہ راست بات چیت کرنے کا موقع ملا۔

دورے کے دوران انٹرنز کو IPS کی جاری تحقیقی سرگرمیوں، مطبوعات اور ادارہ جاتی شراکت داریوں سے بھی روشناس کرایا گیا۔ اس سے انہیں یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ تھنک ٹینکس جیسے ادارے پالیسی سازی اور علمی مباحث میں کس طرح معاون کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ دورہ IPS کی نوجوانوں کی رہنمائی، شہری ذمے داری کے فروغ، اور علمی علم و تحقیق کو سماجی اثرات سے جوڑنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ادارہ باقاعدگی سے طلبہ، محققین، اور نوجوان پیشہ ور افراد کے ساتھ اپنی آؤٹ ریچ اور استعداد کار میں اضافے کی کوششوں کے تحت رابطہ رکھتا ہے۔

انٹرنز نے اس پرخلوص میزبانی اور بامقصد انٹریکٹو سیشن پر ادارے کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ اس تجربے نے انہیں پالیسی تحقیق اور نوجوانوں کے ذریعے تبدیلی کے امکانات کے بارے میں ایک وسیع تر فہم فراہم کی۔

 

Share this post