خاندان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع نظریہ ضروری ہے: ڈاکٹر حاتم الحاج

خاندان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع نظریہ ضروری ہے: ڈاکٹر حاتم الحاج

مقررین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے خاندانی نظام کی بقا اور روایات کا تسلسل ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ عالمگیریت، ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے پھیلاؤ اور تیزی سے بدلتے ہوئے معاشرتی حالات کے نتیجے میں فکری، سماجی اور ثقافتی نوعیت کے سوالات نے فکری انتشار پیدا کیا ہے۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے محض مذہبی احکام یا خاندانی معاملات سے متعلق جزوی جوابات کافی نہیں، بلکہ اسلامی تصورِ حیات، روحانی و اخلاقی تربیت، ہمدردی اور حالات و ضروریات کے فہم پر مبنی ایک جامع حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ نئی نسل اپنے دین اور روایات سے وابستہ رہتے ہوئے عصرِ حاضر کے تقاضوں کا سامنا کرسکے۔

یہ باتیں انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس)، اسلام آباد کے زیر اہتمام پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے اشتراک سے منعقدہ نشست بعنوان ’’فکری انتشار اور مسلم خاندان‘‘ میں زیر بحث آئیں۔

نشست سے مصری نژاد امریکی اسلامی مفکر اور مصنف ڈاکٹر حاتم الحاج نے کلیدی خطاب کیا، جبکہ قرآن لٹریسی انسٹی ٹیوٹ کے بانی و ڈائریکٹر ڈاکٹر ابو زید نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ آئی پی ایس کے ریسرچ فیلو سید ندیم فرحت نے نشست کی نظامت کی، جبکہ ڈاکٹر یاسر ریاض نے اختتامی کلمات ادا کیے۔

ڈاکٹر حاتم الحاج نے کہا کہ عالمگیریت اور آن لائن ذرائع کے وسیع اثرات کے باعث مغربی اور مشرقی معاشروں میں مسلم خاندانوں کو ایک جیسے سوالات کا سامنا ہے۔ فکری الجھنوں سے نمٹنے کے لیے انفرادی مذہبی مسائل اور احکام تک محدود رہنے یا اسلامی تعلیمات کا عصرِ حاضر کے قوانین سے تقابل کرنے کے بجائے ایک جامع نقطۂ نظر اپنانا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں خاندانوں کو سب سے پہلے ایک مضبوط اسلامی تصورِ حیات استوار کرنا چاہیے، جس کے تحت انسان کے وجود سے متعلق بنیادی سوالات، یعنی وہ کہاں سے آیا ہے، اس کی زندگی کا مقصد کیا ہے اور اسے بالآخر کہاں لوٹ کر جانا ہے، کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ بچوں کی فکری اور روحانی تربیت دین کے بنیادی عقائد اور اصولوں کی بنیاد پر کی جانی چاہیے، تاکہ وہ بعد کے سوالات اور چیلنجز کا سامنا فکری پختگی اور اعتماد کے ساتھ کرسکیں۔ والدین کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے کردار اور طرزِ عمل سے اسلامی اقدار کا عملی نمونہ پیش کریں۔ ان کے مطابق گھر کا مذہبی ماحول رحمت، فہم اور کشادہ دلی کا مظہر ہونا چاہیے، بالخصوص اس وقت جب بچے اپنے والدین سے مختلف تجربات اور معلومات کی بنیاد پر سوالات اٹھائیں۔

ڈاکٹر الحاج نے تجدید کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مفہوم دین کے بنیادی اور لازوال اصولوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ بدلتے ہوئے حالات میں ان کے اطلاق کو سمجھنا بھی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دین کے مستقل اور غیر متبدل اصولوں اور ان معاملات میں فرق ملحوظ رکھا جائے جن کی تشریح و تفہیم حالات کے تناظر میں کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

خاندانی نظام میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے تعلیم اور معاشی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے مواقع نے روایتی خاندانی اور گھریلو ذمہ داریوں کی نوعیت تبدیل کردی ہے، جس کے نتیجے میں ایسے نئے سوالات پیدا ہو رہے ہیں جن پر مسلم علما اور معاشروں کو سنجیدگی اور حکمت کے ساتھ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق خاندانی ذمہ داریوں کا تعین سخت گیر توقعات کے بجائے انصاف، باہمی لحاظ اور ایک دوسرے کے حقوق و ضروریات کو سمجھتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم خاندانوں کے استحکام کی ذمہ داری صرف انفرادی گھرانوں تک محدود نہیں، بلکہ اس میں معاشرے، علما، دانش وروں، فقہا اور قائدین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اختتامی کلمات میں ڈاکٹر یاسر ریاض نے کہا کہ عالمگیریت اور معلومات تک بڑھتی ہوئی رسائی نے مسلم خاندانوں کو درپیش چیلنجز، بالخصوص نئی نسل کی تربیت کے مسائل، میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے جامع حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خاندانوں میں اسلامی اقدار کا فروغ صرف مستند دینی رہنمائی کے ذریعے نہیں بلکہ روزمرہ زندگی میں ان اقدار پر عمل درآمد سے بھی ممکن ہے۔

نشست میں سوشل میڈیا کی معروف شخصیات کے مسلمان نوجوانوں کی سوچ پر اثرات، اسلامی تعلیمات اور معاشرتی و ثقافتی روایات میں فرق، مشترکہ خاندانی نظام اور نکاح کے معاہدوں میں وضاحت کی اہمیت سمیت مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر الحاج نے خبردار کیا کہ خاندانی روایات میں اچانک تبدیلیاں نسلوں کے درمیان تناؤ پیدا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دینی رہنمائی کو روایت سے وابستہ رہتے ہوئے حکمت، احتیاط اور حساسیت کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ازدواجی زندگی میں حقوق و فرائض کی ادائیگی کے ساتھ حسنِ سلوک، فراخ دلی اور باہمی لحاظ بھی ضروری ہیں۔

Share this post