اقبال کے تصورِ اسلامی ریاست کی بنیاد اجتہاد، مساوات اور سماجی انصاف پر ہے: آئی پی ایس مذاکرہ

اقبال کے تصورِ اسلامی ریاست کی بنیاد اجتہاد، مساوات اور سماجی انصاف پر ہے: آئی پی ایس مذاکرہ

مقررین نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کی سیاسی فکر اسلامی ریاست کے قیام و تشکیل کے لیے ایک ایسا فکری خاکہ پیش کرتی ہے جس کی بنیاد حاکمیتِ الٰہی، جمہوری شرکت، قانون کی نظر میں مساوات اور سماجی انصاف پر استوار ہے۔ ان کی تحریروں میں اسلامی ریاست کے خدوخال متعین کرنے کے لیے مسلسل فکری و علمی غوروفکر اور اجتماعی اجتہاد کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ مذاکرے میں اقبال کے تصورِ مسلم کامن ویلتھ، روحانی جمہوریت، اجماع اور اجتہاد پر گفتگو کی گئی، اور آئینی حکمرانی، جمہوریت اور سماجی انصاف سے متعلق معاصر مباحث میں ان کے افکار کی معنویت پر زور دیا گیا۔

یہ باتیں انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) کے زیر اہتمام ’’جدید مسلم ریاست اور اسلامی فکر: علامہ محمد اقبال کی نظر میں‘‘ کے عنوان سے منعقدہ علمی مذاکرے میں زیر بحث آئیں، جس میں ماہرینِ اقبالیات اور اسلامی سیاسی فکر کے ممتاز اہلِ علم نے شرکت کی۔

مذاکرے میں ڈاکٹر اکرام الحق یاسین، سابق سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل؛ پروفیسر فتح محمد ملک، سابق ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی؛ ڈاکٹر خورشید احمد ندیم، چیئرمین قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی؛ ڈاکٹر ظفر حسین ظفر، ماہرِ اقبالیات؛ خالد رحمان، چیئرمین آئی پی ایس؛ سفیر (ر) سید ابرار حسین، وائس چیئرمین آئی پی ایس؛ اور ڈاکٹر یاسر ریاض نے شرکت کی۔

ڈاکٹر اکرام الحق یاسین نے اسلامی سیاسی فکر سے متعلق اقبال کی تحریروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے افکار کو مسلم دنیا میں رونما ہونے والی آئینی تبدیلیوں کے تناظر میں بیان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقبال کے نزدیک اسلامی سیاسی نظام اجتہادی نوعیت کا حامل ہے، جس میں ادارہ جاتی اور انتظامی امور کے تعین کے لیے انسانی فہم، غوروفکر اور باہمی مشاورت کی گنجائش موجود ہے، نہ کہ ایسا توقیفی نظام جس میں طرزِ حکمرانی کی ہر جزئیات وحی کے ذریعے متعین شدہ ہوں۔ انہوں نے خلافتِ راشدہ کے بارے میں اقبال کی تعبیر پر بھی روشنی ڈالی اور قیادت کے انتخاب اور احتساب میں عوامی رضامندی کی اہمیت واضح کی۔

ڈاکٹر یاسین نے اقبال کے ’’مسلم کامن ویلتھ‘‘ کے تصور کی بھی وضاحت کی، جس کے تحت متعدد مسلم ریاستیں قانون کی بالادستی کے اصول پر ایک ساتھ موجود ہو سکتی ہیں۔ اس تصور کے بنیادی اصولوں میں قانون کی نظر میں مساوات، مراعات یافتہ طبقات اور موروثی حکمرانی کی نفی، اور مذہبی پیشوائیت کی عدم موجودگی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقبال نے قانون سازی کے مآخذ میں قرآن کے عمومی اصولوں، فقہی تعبیرات، عدالتی فیصلوں اور اجماع کو شامل کیا، جبکہ اجماع کو جمہوری رائے عامہ سے بھی مربوط کیا۔

ڈاکٹر ظفر حسین ظفر نے اقبال کے سیاسی افکار کی تشکیل کو ان کے عہد کے فکری مباحث اور برصغیر کے مسلمانوں کے مستقبل کے تناظر میں بیان کیا۔ انہوں نے ۱۹۳۰ء کے خطبۂ الٰہ آباد اور ۱۹۳۷ء و ۱۹۳۸ء کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کے نام اقبال کے خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقبال کے نزدیک مسلمانوں کی غربت اور معاشی مسائل کے حل کے لیے ایک آزاد مسلم ریاست کا قیام ضروری تھا، جو اسلامی اصولوں کو عملی شکل دے سکے۔ اقبال کی نثری تحریروں اور شاعری سے استدلال کرتے ہوئے انہوں نے توحید، اجتہاد اور سماجی انصاف کو جدید اسلامی فلاحی ریاست کی تین بنیادی اساسات قرار دیا۔

مذاکرے کے شریک صدر ڈاکٹر خورشید احمد ندیم نے کہا کہ اقبال کا تصورِ روحانی جمہوریت توحید سے پھوٹتا ہے، جس کے سیاسی مضمرات میں مساوات، اخوت اور آزادی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال جدید اداروں کو روحانی معنویت دینا چاہتے تھے، نہ کہ مذہبی پیشوائیت پر مبنی نظام قائم کرنا۔ انہوں نے پارلیمان کو اجماع کی عصرِ حاضر کی صورت قرار دیتے ہوئے اجتماعی اجتہاد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مذاکرے کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر فتح محمد ملک نے غربت، استحصال اور مزدوروں و کسانوں کے حالات کے حوالے سے اقبال کے افکار کی آج بھی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ سے اقبال کی والہانہ وابستگی کا اظہار ان کے ایسے اخلاقی اور سماجی تصور میں ہوتا ہے جو محض رسمی اظہارِ عقیدت سے کہیں آگے ہے۔

اختتامی کلمات میں سفیر (ر) سید ابرار حسین نے اس امر کی نشاندہی کی کہ اقبال کی تحریروں میں عمومی مسلم ریاست کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور سیاست کا باہمی تعلق اور تہذیبی و اجتماعی زندگی میں روحانیت کی ضرورت جیسے بنیادی موضوعات اقبال کی نثر اور شاعری دونوں میں نمایاں طور پر موجود ہیں۔

شرکا نے آئینی تشکیل کے حوالے سے اقبال کے افکار کی معنویت پر گفتگو کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ عوامی تائید، عمرانی معاہدہ، احتساب اور تنقید کی آزادی اسلامی سیاسی فکر کے اپنے تصورات ہیں، اور کسی صورت مغربی فکر کی دین نہیں ہیں۔ اجتہاد اور بدلتے ہوئے حالات میں قانونی احکام کے اطلاق کے حوالے سے شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ اہلِ علم، فقہا، ججوں اور باخبر شہریوں کو زمانے کے تقاضوں اور معاشرتی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے غوروفکر اور اصل اجتہادی بصیرت سے کام لینا چاہیے۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ اقبال کے سیاسی، فلسفیانہ اور فکری تصورات، بالخصوص جدید مسلم ریاست کے بارے میں ان کے نقطۂ نظر کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ان کی شاعری کے ساتھ نثری تحریروں کا بھی خصوصی مطالعہ کیا جانا چاہیے۔

Share this post