افطار ڈنر کے ساتھ آئی پی ایس کی 40ویں سالگرہ کی تقریب

افطار ڈنر کے ساتھ آئی پی ایس کی 40ویں سالگرہ کی تقریب

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد کے لیے یہ بڑے اعزاز اور فخر کا مقام ہے کہ 19 مئی 2019ء کو اس نے اطلاقی تحقیق، مکالمہ، مطبوعات، انسانی ترقی اور استدلال کے ذریعے پاکستان میں حقائق اور معیار پر مبنی پالیسی سازی کے فروغ کے لیے کی جانے والی اپنی خدمات کے 40 سال مکمل کر لیے ہیں۔

انسٹی ٹیوٹ نے اس سنگِ میل کو پانے کی خوشی میں کئی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جن میں 21 مئی 2019ء کی افطاری بھی شامل تھی جو ہر سال رمضان میں منعقد کی جانے والی افطاری کی تقریب کا تسلسل تھا۔ افطاری کی اس تقریب میں آئی پی ایس کے موجودہ اور سابق ایسوسی ایٹس، تعلق دار، سرپرست اور ٹیم کے ارکان شامل ہوئے۔ اس موقع پر 40 ویں سالگرہ کا کیک کاٹتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ کی مختلف کامرانیوں، اس کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مستقبل میں اسی طرح کی کامیابیوں کے لیے دعا مانگی گئی۔

تقریب کے علاوہ آئی پی ایس نے سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ # 40 Years of IPS کے ساتھ ایک میڈیا مہم بھی شروع کی۔ مہم میں انسٹی ٹیوٹ کے 40 سالہ سفر کو تصویری شکل میں نمایاں کرکے پیش کیا گیا ہے جس میں نہ صرف ان موضوعات کے تنوع کا عکس شامل ہے جن پر ادارے نے اب تک اپنی تحقیق جاری رکھی ہے بلکہ مختلف مکتبۂ فکر کے ان نمایاں ملکی اور بین الاقوامی مقررین، ماہرین اور دانشوروں کو بھی اس کی زینت بنایا گیا ہے جنہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے اس طویل سفر میں اپنے کام، آراء اور سفارشات سے ادارے کو جلا بخشنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 40 سالہ تقریبات کے سلسلے میں ادارے پر ایک ڈاکومنٹری فلم اور ایک جامع دستاویزی رپورٹ تیاری کے مرحلے میں ہے۔

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے