بلوچستان یوتھ فورم کا دورہ

بلوچستان یوتھ فورم کا دورہ

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان رہنماؤں کے ایک وفد نے 16ستمبر2013ء کو انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد کا دورہ کیا اور آئی پی ایس کے ڈائریکٹر جنرل خالد رحمٰن سے صوبے کی صورتِ حال پر ایک گھنٹے تک کھلے دل سے تبادلۂ خیال کیا۔ نوجوانوں کا یہ گروپ بلوچستان یوتھ فورم سے تعلق رکھتا تھا جو کینیڈا کی امدادی ایجنسی سیڈا (CIDA) کے تعاون سے اسلام آباد کے سنٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے ایک پراجیکٹ کے طور پر 2013ء کے آغاز میں قائم کیا گیا ہے۔
وفد کے ارکان نے اپنی محرومیوں اور بلوچستان کے مسئلہ پر گفتگو کی اور توقع ظاہر کی کہ اسلام آباد کے اداروں اور یہاں کے عوام اور ملک کے دیگر مقامات کے عوام سے رابطوں کے ذریعے صوبے کے زمینی حقائق سے صحیح آگہی کے لیے مناسب فضا تیار ہوگی۔
خالد رحمٰن نے نوجوان راہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بنیادی وجوہات کی درست تشخیص اور مسئلے کو ایک بڑے تناظر میں دیکھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ راہنما نہ صرف عوام کی پریشانیوں اور ان کے مسائل کی درست تشخیص کرتا ہے بلکہ ان کا علاج بھی تجویز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مراعات یافتہ طبقے اور محروم طبقے کے درمیان ٹکراؤ تاریخ کا حصہ رہا ہے اور بلوچستان کےمسئلے کو اس پہلو سے دیکھنا اب ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محروم طبقات خواہ وہ پنجاب، خیبرپختون خوا، سندھ یا دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے ہوں، اپنے اپنے علاقے کے مراعات یافتہ طبقے کے ہاتھوں اتنے ہی محروم ہیں جتنے بلوچستان کے عوام ہیں۔ ان محروم عوام کی قیادتوں کے سامنے اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ ظلم کی قوتوں کی درست شناخت کریں اور ان کے خلاف جہدوجہد کریں نہ کہ ان طبقات کو نشانہ بنائیں جو خود کسی دوسرے نسلی، لسانی یا مسلکی گروہ کے مظلوم اور محروم طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔
نوعیت: روداد سیمینار
تاریخ: 16ستمبر2013ء

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے