’’پاکستان میں خواندگی اہداف‘‘ سیمینار میں شرکت

national consultativet

’’پاکستان میں خواندگی اہداف‘‘ سیمینار میں شرکت

 پاکستان میں خواندگی اہداف پر قومی مشاورتی سیمینار میں شرکت کے لیے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کو بھی دعوت دی گئی تھی۔ 18 ستمبر 2015ء کو ہونے والے اس سیمینار کا اہتمام نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) نے یونیسکو کے تعاون اور وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی زیرِ نگرانی کیا۔

سیمینار کا مقصد نوے فی صد خواندگی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے قومی سطح پر بنائے جانے والے عملی پروگرام کی صورت گری میں مدد دینا تھا۔ یاد رہے کہ یہ ہدف ’’وژن 2025ء‘‘ میں متعین کیا گیا تھا۔ اس سیمینار میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محمد بلیغ الرحمن، تمام صوبوں، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت و  بلتستان کی حکومتوں کے سیکرٹری تعلیم شریک ہوئے۔ نیز رسمی اور غیررسمی تعلیم کے ماہرین، سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندے، پرائیویٹ تعلیمی اداروں اور امداد دینے والے اداروں کے ذمہ داران بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد کی ایسوسی ایٹ محترمہ ثمینہ نجیب نے ’’ناخواندگی کے خاتمے کے لیے ہنگامی پروگرام‘‘ کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن دی اور اس مقصد کے لیے پانچ سے دس سال تک ایسے پروگرام کو جاری رکھنے پر زور دیا۔ یہ پریزنٹیشن آئی پی ایس میں کی گئی تحقیق کی بنیاد پر تیار کی گئی۔ اس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ وسائل کو تحرک دینے کے لیے اس معاملہ کے تمام حصہ داروں کی مدد حاصل کی جائے اور طلب و رسد کے توازن کا اہتمام کیا جائے۔ انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل خالد رحمن اور آئوٹ ریچ کے سربراہ نوفل شاہ رخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے