پاکستان قومی سلامتی کی حکمتِ عملی

پاکستان قومی سلامتی کی حکمتِ عملی

پاکستان کا نظریہ اوراس کے شہریوں کی شناخت پاکستان کے عوام میں پہلے ہی سے معروف اورمعتبر ہے اور اسے قراردادِ مقاصد اوردستورِ پاکستان میں بہت خوبی سے بیان کردیا گیا ہے۔ یہ بات سابق سیکرٹر ی خارجہ جناب اکرم ذکی نے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز میں ایک سیمینار میں صدارتی تقریر میں کہی۔ اس سیمینار میں پاکستان ایکس سروس مین ایسوسی ایشن(PESA)کے ایک ورکنگ گروپ نے قومی سلامتی کی حکمتِ عملی پر اپنے خیالات پیش کیے۔
جناب اکرم ذکی نے کہا کہ پاکستان اوراس کے قیام کی منطقی بنیادوں کو علامہ اقبال نے ۱۹۳۰ء کے الہٰ آباد خطبہ میں بڑی وضاحت سے بیان کیا اورپھر قائد اعظم ، لیاقت علی خان اوردیگر بانیانِ پاکستان نے اس کی مزید وضاحت کی، یہ کوئی غیر معروف یا غیر واضح پہلو نہیں ہے۔
قبل ازیں ایر مارشل ریٹائرڈ مسعود اختر اورسابق سفیر جناب سلیم نواز گنڈاپور نے قومی سلامتی کی حکمتِ عملی کے موضوع پر سابق فوجیوں کی تنظیم (PESA) کی سفارشات کی وضاحت کی اور اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ شناخت اوراقدار کے شعور کے ساتھ، معروف اوراعلان کردہ قومی مقاصد کی طرف پیش رفت کے لیے قومی اتفاقِ رائے ضروری ہے تاکہ محتاط طور پر متعینہ اورواضح عظیم قومی مفادات کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔

alt
alt

انہوں نے کہا کہ وہ علمی سطح پر مکالمہ کاآغاز چاہتے ہیں تاکہ اس کے نتیجے میں سوسائٹی کے مختلف طبقات کی جانب سے بہتر آراء اورتجاویز آسکیں اوربالآخر قومی سلامتی کی حکمتِ عملی کو آخری شکل دے کر حکومتی سطح سے اس کا نفاذ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قوم جمہوریت، آزادی ، مساوات، برداشت اورسماجی انصاف جیسے اعلیٰ مقاصد ، جو قراردادِ مقاصد میں بیان کیے گئے ہیں، اس وقت تک حاصل نہیں کرسکتی جب تک کہ ریاست کے تمام ادارے اورقوم کا ہر فرد قومی شناخت ، مقاصد اورمنزل کے تصور کے لحاظ سے یکساں سوچ کا حامل نہ ہو۔
سیمینار میں زیرِ بحث موضوع پر مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے اظہارِ خیال کیا، جن میں وکلاء ، اساتذہ، اسکالرز، دفاعی تجزیہ کار، سفارت کار اور بیوروکریٹ شامل ہیں۔
مجموعی طور پر یہ خیال ظاہر کیا گیا کہ قومی اتفاق رائے کا حصول اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ریاست قوم کے جذبات واحساسات کو فوقیت نہ دے اورافرادِقوم کے حقوق کا احترام نہ کرے۔
شرکاء نے اس موضوع پر مکالمہ کے آغاز کا خیرمقدم کیا اوراس بات پر زور دیاکہ قوم کا اتحاد اس مشترکہ نظریہ پرہی ہوسکتاہے جس پر قیام پاکستان کے موقع پر قوم نے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا تھا۔

نوعیت: سیمینار کی خبر
تاریخ: ۸ مئی ۲۰۱۲ء

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے